لندن انگلستان اور مملکت متحدہ کا دار الحکومت اور سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ شہر دریائے ٹیمز کے کنارے جنوب مشرقی انگلستان میں دریا کے 50 میل طویل دہانے پر واقع ہے جو بحیرہ شمال میں گرت…
لندن انگلستان اور مملکت متحدہ کا دار الحکومت اور سب سے بڑا شہر ہے۔ یہ شہر دریائے ٹیمز کے کنارے جنوب مشرقی انگلستان میں دریا کے 50 میل طویل دہانے پر واقع ہے جو بحیرہ شمال میں گرتا ہے۔ لندن دو ہزار برس سے ایک اہم آباد مقام رہا ہے۔ لوندینیوم کا قیام رومیوں کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ لندن شہر لندن کا قدیم بنیادی اور مالیاتی مرکز محض 1.12 مربع میل کا علاقہ ہے جو عام بول چال میں مربع میل کہلاتا ہے۔ آج بھی اس علاقے کے حدود وہی یا تقریباً اتنے ہی ہیں جو قرون وسطی میں تھے۔ ملحقہ ویسٹ منسٹر شہر اندرونی لندن کا بورو ہے اور صدیوں سے قومی حکومت کا صدر مقام رہا ہے۔ 31 اضافی لندن کے بورو دریا کے شمال اور جنوب جن میں جدید لندن بھی شامل ہے شہر کی تشکیل کرتے ہیں۔ شہر لندن ایک میئر اور لندن اسمبلی کے زیر انتظام ہے۔